اسٹاک مارکیٹ میں نئے اکاؤنٹس کھلنے کی شرح میں بڑا اضافہ، وجوہات کیا ہیں؟

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق ایک سال کے دوران تقریباً دو لاکھ نئے سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ کا حصہ بن گئے،جس کے بعد سرمایہ کاروں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 83 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایس ای سی پی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نئے سرمایہ کاروں میں 45 فیصد کا تعلق 18 سے 30 سال عمر کے نوجوانوں سے ہے، جبکہ 31 سے 45 سال عمر کے افراد کی شرح 41 فیصد رہی۔

نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس کھولنے میں کراچی 25 فیصد کے ساتھ سرفہرست رہا، لاہور 16 فیصد کے ساتھ دوسرے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی سے 13 فیصد نئے سرمایہ کار مارکیٹ میں شامل ہوئے۔

ایس ای سی پی کے مطابق سہولت اکاؤنٹ کی حد 10 لاکھ روپے سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے اور بینکوں و ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنانے سے سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا۔ آئی بی اے این ویریفکیشن اور مائنر ٹریڈنگ اکاؤنٹس جیسے اقدامات سے بھی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم ہوئی ہے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کیپٹل مارکیٹ سے منسلک کرنا ترجیح ہے۔ سرمایہ کاری کو مزید آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل آن بورڈنگ موبائل ایپ متعارف کرائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ عوام کی بچت کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرکے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے