ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہیٹ ویو اور حبس کی صورتحال میں اضافے کا خدشہ ہے، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے تحت ممکنہ متاثرہ اضلاع میں ہیٹ ویو کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں، ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاونٹرز اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تھل چولستان اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں گرمی اور حبس کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے، جس کے باعث صاف پانی فلٹریشن پلانٹس اور واٹر باوزرز اور ٹوبہ جات میں بھی پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر زیادہ گرمی اور حبس والے اضلاع میں سموگ گنز پہنچا دی گئیں ہیں، جولائی میں گرمی و حبس کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی ہے، عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کیلئے 24 گھنٹے کنٹرول رومز کے ذریعے مانیٹرنگ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق گرمی و حبس کی لہر کے پیش نظر تمام اضلاع کے کنٹرول رومز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے، ہسپتالوں اور ضلعی انتظامیہ ہیٹ سٹروک کے مریضوں کیلئے او آر ایس، ٹھنڈا پانی اور طبی عملے کی موجودگی یقینی بنائے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ ہیں، محکمہ موسمیات، ریسکیو، لائیو اینڈ سٹاک لوکل ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہیں، صورتحال کے مطابق فوری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، ORS اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کر دی گئی، موبائل ہیلتھ ٹیمیں ہیٹ سٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کیلئے متحرک ہوں گی، گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 10 بجے سے 4 بجے کے دوران غیر ضروری طور پر گھر سے نہ نکلیں، ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔
