سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے ارکان پارلیمنٹ سیلری اینڈ الاؤنسز ترمیمی بل 2026 کی متفقہ منظوری دیدی۔ بل میں ارکان پارلیمان کے بچوں کو بلیو پاسپورٹ کے اجرا کی سفارش کی گئی ہے۔
فیصل سلیم الرحمان کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ کے اجلاس میں کمیٹی نے ارکان پارلیمنٹ سیلری اینڈ الاؤنسز ترمیمی بل 2026 کی متفقہ منظوری دیدی۔ ارکان پارلیمنٹ کے بچوں کو بلیو پاسپورٹ کے اجرا کا معاملہ بھی ترمیمی بل میں شامل ہیں۔
سینیٹر عبدالقادر نے بل پیش کرتے ہوئے کہا ارکان سینیٹ کے دوچار بچوں کے بلیو پاسپورٹ بن جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ ارکان پارلیمنٹ کے28 سال سےکم عمر زیر کفالت بچوں کو بلیو پاسپورٹ جاری ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے ملک میں موجود قانون میں ترمیم کی جائے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے بل کابینہ کو بھیجنے کی تجویز دی لیکن سینیٹر عبدالقادرکا کہنا تھا بل کا کابینہ سے کوئی تعلق نہیں۔ جس کے بعد اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے معاملات پاسپورٹ رینکنگ کو متاثر کرتے ہیں۔
