ایل این جی کے گھریلو کنکشنز پر عائد پابندی ستمبر میں ختم ہونے کا امکان ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق قطر کی جانب سے ایل این جی سپلائی پر نافذ فورس میجور ختم ہوتے ہی نئے گھریلو ایل این جی کنکشنز بحال کیے جا سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر نے ایل این جی سپلائی سے متعلق اگست تک فورس میجور نافذ کر رکھا ہے، جس کے باعث سپلائی متاثر رہی۔ توقع ہے کہ فورس میجور کے خاتمے کے بعد ستمبر سے ایل این جی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق ستمبر میں پاور سیکٹر کی ایل این جی طلب میں بھی کمی متوقع ہے، جس سے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی دستیابی بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایل این جی کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا حتمی فیصلہ اس وقت کی سپلائی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایل این جی سپلائی میں تعطل کے باعث مئی 2026 میں نئے گھریلو ایل این جی کنکشنز روک دیئے گئے تھے۔
