پاکستان میں مقامی سطح پر 5Gموبائل فونز کی تیاری میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ ملک میں رجسٹرڈ فائیو جی موبائل فونز کی تعداد 38 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے مطابق فائیو جی سروس کے استعمال کے لیے صارفین کے پاس فائیو جی سے مطابقت رکھنے والے ہینڈ سیٹس ہونا ضروری ہوگا۔
دستاویزات کے مطابق بعض فائیو جی ڈیوائسز میں سروس فعال کرنے کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ بھی درکار ہوگا۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل کے دوران ملک میں ایک لاکھ 62 ہزار 40 فائیو جی موبائل فونز مقامی طور پر تیار کیے گئے، جبکہ مئی تک مقامی سطح پر تیار ہونے والی فائیو جی ڈیوائسز کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 61 ہزار 326 تک پہنچ گئی۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ مقامی سطح پر پیداوار بڑھنے سے صارفین کو نسبتاً کم قیمت پر فائیو جی اسمارٹ فونز دستیاب ہوں گے، جبکہ مختلف موبائل فون کمپنیاں پاکستان میں فائیو جی ڈیوائسز کی مقامی تیاری کر رہی ہیں۔
