اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پیٹرول پر آج لیوی جنگ کے دوران عائد لیوی سے کم ہے، لیوی کم کرنے پر آئی ایم ایف راضی نہیں ہوگا، اگر متبادل لیوی کا آپشن مل گیا تو شاید راضی ہوجائیں۔
یہ بات انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے پیڑولیم کے اجلاس کے دوران کہی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم کا اجلاس عمر فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ریگولیٹر کی ذمہ داری ہے کہ قیمتوں پر شراکت داروں کو اکٹھا کرکے فیصلہ کرے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اختیاراوگرا کو دے دیا ہے، قیمتیں طے کرنے کا طریقہ کار اوگرا کی ویب سائٹ پر موجود ہے، وزیراعظم نے کہا تھا شفافیت کے لیے طریقہ کار کو اردو زبان میں بھی شائع کیا جائے، قیمتوں کے حوالے سے آج بھی سات دن کی رولنگ ایوریج لی جاتی ہے، عالمی منڈی سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت لی جاتی ہے، عالمی منڈی کی قیمت میں حکومتی ٹیکسز اور کمپنیوں کا منافع شامل ہوتا ہے، جب ہفتہ وار قیمتیں طے ہوتی تھیں تین دن کی ایوریج قیمت سامنے آنے پر پیٹرول کی سپلائی کم کردیتے تھے۔
سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ قیمتوں کا روزانہ تعین کا طریقہ کار ایک سلو پائزن ہے، اس وقت عوام کی حالت یہ ہے پتہ نہیں آج ریٹ کیا ہے کل کیا ہوگا، اب روزانہ سلو پائزن دیا جا رہا ہے نہ مر سکتے ہیں نہ جی سکتے ہیں۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ چیئرمین اوگرا کی تعیناتی کا عمل بروقت شروع کیا گیا تھا، چیئرمین اوگرا کے لیے انٹرویو ہوئے تھے مگر کوئی مناسب بندہ نہیں ملا، چئیرمین اوگرا کی تعیناتی کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔
قائم مقام چیئرمین اوگرا نے بریفنگ میں بتایا کہ آگرآج شام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوتی ہے تو پاکستان میں سات دن میں کم ہوگی، اگر عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھتی ہے تو سات روز میں بڑھے گی، ہم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا روزانہ تعین عالمی مارکیٹ میں سات دن کی ایوریج قیمت سے کرتے ہیں، اس وقت پیٹرول پر کسٹم ڈیوٹی 18روپے 11پیسے فی لیٹر ہے، روزانہ قیمتوں کے تعین کا فائدہ عوام کو ہے عالمی قیمتوں کا اثر سات دن میں آئے گا، شارٹ ٹرم منافع کمانے والوں کی گنجائش ختم ہوگئی، جو مارکیٹ میں غلط تاثر پھیلا کر پیسے کماتے تھے ان کا کاروبار ختم ہو جائے گا۔
سینٹر سیف اللہ ابڑو نے استفسار کیا کہ 11 جولائی کو تیل عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 76 ڈالر تھی 17 کو 82 ڈالر رہی، آپ نے 30 روپے قیمت کیسے بڑھا دی؟ وزیر پیڑولیم نے بتایا کہ خام تیل کی بعد کی قیمتوں کا تعین تیار پیٹرول ڈیزل پر ہوتا ہے۔
