پاکستان میں سیمنٹ کی برآمدات میں نمایاں کمی جبکہ مقامی مارکیٹ میں فروخت میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (APCMA) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت 44 لاکھ 76 ہزار ٹن رہی، جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ کی 42 لاکھ 22 ہزار ٹن فروخت کے مقابلے میں 6.02 فیصد زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 میں مقامی مارکیٹ میں سیمنٹ کی فروخت 37 لاکھ 71 ہزار ٹن رہی، جو جولائی 2025 کی 32 لاکھ 15 ہزار ٹن فروخت کے مقابلے میں 17.28 فیصد زیادہ ہے۔
دوسری جانب سیمنٹ کی برآمدات میں 29.95 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جولائی 2025 میں برآمدات 10 لاکھ 7 ہزار ٹن تھیں، جو جولائی 2026 میں کم ہو کر 7 لاکھ 5 ہزار 341 ٹن رہ گئیں۔
ترجمان آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت سیمنٹ پر عائد ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں میں کمی کرے تو مقامی طلب میں مزید اضافہ اور تعمیراتی شعبے کو فروغ مل سکتا ہے۔
