ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات کے مطابق جولائی 2026 کے دوران برآمدات 2.93 ارب ڈالر جبکہ درآمدات 6.88 ارب ڈالر رہیں، جس کے نتیجے میں تجارتی خسارہ 3.94 ارب ڈالرتک پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 کے مقابلے میں جولائی 2026 کے دوران برآمدات میں 9 فیصد جبکہ درآمدات میں 18 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح جون 2026 کے مقابلے میں جولائی 2026 میں برآمدات میں 31 فیصد یا تقریباً 70 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2025 میں تجارتی خسارہ 3.15 ارب ڈالر تھا، جو جولائی 2026 میں بڑھ کر 3.94 ارب ڈالر ہو گیا، اس طرح ایک سال کے دوران تجارتی خسارے میں تقریباً 79 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق برآمدات اور درآمدات کے تخمینوں کے لیے فی امریکی ڈالر کی اوسط قدر تقریباً 278 روپے رکھی گئی ہے۔
دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال 2025-26 کے دوران خدمات کی برآمدات میں تقریباً 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ملکی برآمدی شعبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
