اوورسیز پاکستانیوں کیجانب سے رواں مالی سال کے پہلے ماہ ترسیلات زر کی آمد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جولائی میں 3 ارب 60 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے۔
ترسیلات زر آنے کے حوالے سے رواں مالی سال کا اچھا آغاز ہوگیا، اسٹیٹ بینک نے ترسیلات زر کا ماہانہ ڈیٹا جاری کردیا۔ پاکستانیوں نے جولائی میں 3 ارب 60 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے۔ ترسیلات زر کی آمد میں ماہانہ 4.5 فیصد اور سالانہ 13 فیصد اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی میں سب سے زیادہ 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سعودیہ عرب سے آئے، دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 73 کروڑ 73لاکھ ڈالریو اے ای سے بھیجے گئے، برطانیہ سے پاکستانی 55 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز بھیج کر تیسرے نمبر پر رہے۔
یورپی یونین سے پاکستانیوں نے 46 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے، دیگر خلیجی ممالک سے مجموعی طور پر 33 کروڑ 60 لاکھ ڈالر وطن آئے، امریکہ میں مقیم پاکستانیوں نے جولائی میں 32 کروڑ ڈالر وطن بھیجے۔
معاشی ماہرین کے مطابق مشرق وسطی کی صورتحال کے باوجود ترسیلات زر متاثر نہیں ہوئی، دنیا اور خاص کر خلیجی ممالک سے پاکستانی اپنا سرمایہ بھی منتقل کر رہے ہیں۔
