پاکستان نے باسمتی کے نام پر بھارت کی اجارہ داری کی کوشش ناکام بنادی۔
آسٹریلیا کی وفاقی عدالت نے بھارت کی دائر کردہ اپیل مسترد کر دی، عدالت نے لفظ باسمتی کیس میں بھارتی ادارے اپیڈا کی اپیل خارج کی، عدالت نے بھارتی ادارے اپیڈا کو فریق مخالف کے قانونی اخراجات ادا کرنے کا بھی حکم دیدیا۔
وزارتِ تجارت کے مطابق باسمتی کیس میں آسٹریلوی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے اصولی مؤقف کی توثیق ہے، بھارتی ادارے نے لفظ باسمتی کو بطور ٹریڈ مارک رجسٹر کرانے کی درخواست دی، آسٹریلوی رجسٹرار آف ٹریڈ مارکس نے 2022 میں بھارتی درخواست مسترد کی تھی۔
اعلامیے کے مطابق آسٹریلوی حکام پہلے ہی تسلیم کر چکے کہ باسمتی چاول پاکستان میں بھی پیدا ہوتا ہے، پاکستانی تاجر اور برآمد کنندگان بھی باسمتی کا نام استعمال کرسکتے ہیں، فیصلے سے باسمتی پر پاکستان کے تاریخی اور جغرافیائی حق کو تقویت ملی۔
وزارتِ تجارت کے مطابق باسمتی پیداوار کا تاریخی تسلیم شدہ خطہ پاکستان اور بھارت کے علاقوں پر مشتمل ہے، کوئی ایک ملک یا ادارہ باسمتی کے نام پر اجارہ دارانہ حق کا دعویٰ نہیں کرسکتا، عدالتی فیصلہ پاکستان کے باسمتی کاشتکاروں، ملرز اور برآمد کنندگان کیلئے کامیابی ہے۔
اعلامیے کے مطابق فیصلے سے پاکستانی باسمتی کے تجارتی اور دانشورانہ املاک کے حقوق کا تحفظ ہوا، پاکستانی برآمد کنندگان کو آسٹریلیا میں مستند پاکستانی باسمتی کی مارکیٹنگ کا حق رہے گا۔
