وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران علاقائی امن، خلیج کی صورتحال اور پاک ملائیشیا تعلقات پر گفتگو کی گئی، ملائیشین وزیراعظم نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں اور شہباز شریف و فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین وزیراعظم کی خیریت دریافت کی اور جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بات چیت میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے رابطوں کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ گفتگو میں علاقائی صورتحال، خصوصاً خلیج کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ ملائیشین وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر انور ابراہیم نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قابل تحسین کوششوں، قیادت اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اپنے ملائیشین ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان امن کے فروغ کے لیے ملائیشیا سمیت برادر اور دوست ممالک کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے ڈاکٹر انور ابراہیم کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دہرائی۔
