امریکی آرمی سیکرٹری ڈین ڈرسکول وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے ساتھ کئی ماہ سے جاری کشیدگی کے بعد سال کے آخر تک اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کی توقع ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے یہ رپورٹ شائع کی ہے۔ تاہم رائٹرز نے رپورٹ کی فوری طور پر آزادانہ تصدیق نہیں کی۔
رپورٹ کے مطابق ڈین ڈرسکول کے مستعفی ہونے سے امریکی فوج کو سینیٹ سے تصدیق شدہ مستقل سربراہ کے بغیر کام کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ اور علاقائی کشیدگی سے نمٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ڈرسکول کے ترجمان نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ڈین ڈرسکول کی ممکنہ رخصتی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کے دوران پینٹاگون میں اعلیٰ سطحی تبدیلیوں میں مزید اضافہ کرے گی۔ رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع میں پہلے بھی کئی اہم عہدوں پر تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ اپریل میں امریکی آرمی چیف آف اسٹاف جنرل رینڈی جارج کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سابق چیئرمین سمیت بحریہ اور فضائیہ کے اعلیٰ عہدیدار بھی تبدیلیوں کی زد میں آئے۔
