کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے تین ڈسکوز کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی

کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے تین ڈسکوز کے ری اسٹرکچرنگ پلان کی منظوری دے دی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں فیصل آباد،گوجرانوالہ اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنیاں شامل ہیں۔

نائب وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیاہے، اعلامیہ کے مطابق فیصلہ حکومت کی جانب سے پاور سیکٹر کی وسیع تر اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے،مالی طور پر پائیدار، فعال اور صارفین کی خدمت سے لیس تقسیم کار کمپنیوں کی بنیاد بنے گی، منصوبے کے تحت اثاثے، پنشن اور ریٹائرمنٹ سمیت واجبات حکومتی کمپنی کو ٹرانسفر ہوں گے، کمپنی اسپیشل پرپز وہیکل حکومت پاکستان کی ملکیت میں قائم کی جائے گی، موجودہ ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے تمام معاملات اور واجبات ڈسکوز کے ذمے رہیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق حکومت کے ذمے واجبات حکومتی وصولیوں اور واجبات کے فرق سے طے کئے جائیں گے،ڈسکوز کی تنظیم نو کا منصوبہ حکومت کے لیے کسی بھی مالی بوجھ کا باعث نہیں بنے گا، مقصد حکومت کے لیے قدر میں اضافہ کرنا ہے اور قابل عمل لین دین کو یقینی بنانا ہے، اصلاحات کا صارفین، ملازمین، صنعت اور مقامی کمیونٹیز پر براہ راست اثر ہوگا، ملازمین کے مفادات کا مروجہ طریق کار کے مطابق تحفظ کیا جائے گا،  اسٹیک ہولڈرز کو لین دین کے ہر مرحلے سے آگاہ رکھا جائے گا۔

مشیر وزیراعظم محمد علی نے کہا کہ صارفین کو ریگولیٹری فریم ورک کے تحت تحفظ حاصل رہے گا، بجلی کے نرخوں کا تعین نیپرا اور حکومتی نوٹیفکیشن کے ذریعے ہوتا رہے گا،فیسکو،گیپکو اور آئیسکو مجموعی طور پر 14 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرتی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے