بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے برطانوی حکومت سے ان کی گرفتاری اور مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمائما خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم اور وزیر خارجہ ایڈ مل بینڈ سے سوال کیا کہ برطانیہ مزید کتنی دیر تک خاموش رہے گا۔
انہوں نے عمران خان کی طویل قید اور مبینہ طور پر تنہائی میں رکھے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ جمائما کے مطابق عمران خان کو طویل عرصے سے اہل خانہ، وکلا اور ڈاکٹروں تک مناسب رسائی سے محرومی کا سامنا ہے۔ جمائما خان نے اس صورتحال کو محض پاکستان کا سیاسی معاملہ قرار دینے کے بجائے انسانی حقوق کا معاملہ قرار دیا۔ انہوں نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ عمران خان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے واضح مؤقف اختیار کرے۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عمران خان کے طبی علاج اور اہل خانہ سے رابطے سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے واضح طور پر آواز اٹھائے۔
انہوں نے اپنے دونوں بیٹوں کا بھی حوالہ دیا۔ جمائما کے مطابق ان کے بیٹے برطانوی شہری ہیں اور اپنے والد سے ملاقات نہیں کر سکے۔
