واشنگٹن میں امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (USCIRF) نے بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمیشن نے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مذہبی آزادی کی مبینہ خلاف ورزیوں میں ملوث بھارتی حکام اور آر ایس ایس سے وابستہ افراد کے خلاف ہدفی پابندیوں پر غور کیا جائے۔
USCIRF نے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کا امریکی ویزا منسوخ کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ کمیشن کے مطابق یہ مطالبہ بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال اور آر ایس ایس سے وابستہ افراد پر لگنے والے الزامات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ موہن بھاگوت اس وقت امریکا کے دورے پر ہیں۔ وہ 29 اگست کو نیویارک میں ایک تقریب سے خطاب کرنے والے ہیں۔
امریکی کمیشن نے الزام عائد کیا ہے کہ آر ایس ایس سے وابستہ گروہوں پر مسلمانوں اور عیسائیوں سمیت مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد اور عدم برداشت کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ کمیشن نے اسی بنیاد پر آر ایس ایس کے بعض ارکان اور مبینہ طور پر ذمہ دار بھارتی حکام کے خلاف پابندیوں پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
