نیپال میں تباہ کن سیلاب کے بعد بھارت میں بھی خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اتر پردیش میں دریائے ناراینی گنڈک کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ اس صورتحال کے بعد نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال سے بہہ کر آنے والی لاشیں گنڈک دریا سے ملی ہیں۔ بہار میں بھی کئی دریاؤں کی سطح بلند ہوگئی ہے۔ کئی مقامات پر پانی خطرے کے نشان سے بھی اوپر پہنچ گیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ادارے نگرانی کر رہے ہیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ مزید بارش سے سیلاب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
دوسری جانب لداخ کے علاقے ستکپا سانکو میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد اچانک سیلاب آگیا۔ شدید سیلابی ریلے کے ساتھ کیچڑ، بڑے پتھر اور ملبہ ندی تک پہنچ گیا۔ اس واقعے سے علاقے میں صورتحال مزید خراب ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیلاب سے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ مالی نقصانات کی بھی فوری تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
