برکس ممالک نے غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی اور غزہ کی جغرافیائی یا آبادیاتی صورتحال میں کسی بھی یکطرفہ تبدیلی کو مسترد کر دیا ہے۔ رہنماؤں نے فلسطین کے مسئلے کے دو ریاستی حل کی حمایت بھی جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
برکس سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ غزہ میں کسی بھی قسم کی جغرافیائی یا آبادیاتی تبدیلی قابل قبول نہیں ہوگی۔ رکن ممالک نے مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ کوششوں کی بھی مخالفت کی۔ اعلامیے میں شہر کے تمام مذہبی اور مقدس مقامات کے احترام اور ان کی تاریخی حیثیت برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
برکس ممالک نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے متعلقہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر مکمل عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔رہنماؤں نے دنیا بھر میں جاری تنازعات کی روک تھام اور ان کی بنیادی وجوہات کے خاتمے پر بھی زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی تنازعات کو مذاکرات، سفارت کاری اور پرامن ذرائع سے حل کیا جانا چاہیے۔
برکس رہنماؤں نے جوہری جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تنازعات کے دوران جوہری تنصیبات کی حفاظت اور سلامتی یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
رہنماؤں نے یکطرفہ تجارتی پابندیوں اور محصولات میں اضافے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے عالمی سطح پر تنازعات کے پرامن حل اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
