ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ایران اور خلیجی ممالک کی عمان میں ملاقات نہ ہونے پر اصرار کیا۔ تہران میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی کا فائدہ صرف اسرائیل کو ہوتا ہے۔بقائی نے امریکا اور اسرائیل پر ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ ان کے مطابق اس جنگ میں ہزاروں شہری جاں بحق ہوئے۔انہوں نے فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والے متعدد ایرانیوں کے نام بھی بیان کیے۔ ان میں فٹ بال گراؤنڈ پر حملے میں جاں بحق ہونے والے بچے بھی شامل تھے۔
اسماعیل بقائی نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے حملوں کے دوران کلسٹر بم استعمال کیے۔ان کے مطابق کلسٹر بموں کا استعمال انسانی اقدار اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا نے ایرانی جزیرے ہنگام کے قریب ایک تجارتی بحری جہاز کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ دو پاکستانی شہریوں سمیت کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔بقائی نے بتایا کہ زخمی افراد بحری جہاز پر کام کر رہے تھے۔انہوں نے الزام لگایا کہ امریکا اور اسرائیل خلیج فارس میں سلامتی کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران یمن کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ یمن میں جاری واقعات سے ایران کا کوئی تعلق نہیں ہے۔بقائی کے مطابق بعض ممالک یمن کی صورتحال سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ وہ ایران اور خطے کے دیگر ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
