نگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے علاقائی انسدادِ دہشت گردی ڈھانچے کی کونسل نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے مؤقف کی توثیق کر دی۔ کونسل نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کی حمایت بھی کی۔ امن کے قیام اور علاقائی استحکام کے لیے اقدامات کی بھی حمایت کی گئی۔یہ بات پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتائی گئی۔
ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر کی کونسل کا 46واں اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت پاکستان نے کی۔ رکن ممالک کے متعلقہ حکام کے وفود نے اجلاس میں شرکت کی۔ شرکت کرنے والے ممالک میں پاکستان، بیلاروس، بھارت، ایران اور قازقستان شامل تھے۔چین، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وفود بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے نمائندگان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں علاقائی سلامتی سے متعلق بین الاقوامی ایجنڈے کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کونسل نے ایران کے خلاف ہونے والے تازہ فوجی حملوں کی مذمت کی۔کونسل نے اس معاملے پر ایس سی او کے پہلے سے ظاہر کردہ مؤقف کی بھی توثیق کی۔اجلاس میں ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی المناک وفات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ کونسل نے ایرانی حکومت اور عوام سے تعزیت کی۔ جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔کونسل نے ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
کونسل نے دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میں رکن ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری پر بھی غور کیا گیا۔ایس سی او کے پہلے سے منظور شدہ فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی اجلاس کا حصہ تھا۔
اجلاس میں ایگزیکٹو کمیٹی اور ماہرین کے گروپوں کے ورک پلانز کی منظوری دی گئی۔معلوماتی ڈھانچے کے قیام اور اسے بہتر بنانے سے متعلق فیصلے بھی کیے گئے۔فریقین نے 2027 میں انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں مشترکہ معلوماتی آپریشن کا فیصلہ کیا۔اسی طرح دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے لیے انٹرنیٹ کے استعمال کی روک تھام پر عملی سیمینار ہوگا۔
ایس سی او رکن ممالک کے متعلقہ حکام کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق بھی منعقد کی جائے گی۔ اس مشق کا مقصد انٹرنیٹ کے غلط استعمال کی نشاندہی اور روک تھام ہوگا۔
دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون پر بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد ہوگی۔یہ ایس سی او رکن ممالک اور ایک مبصر ملک کے درمیان تعاون کے موضوع پر ہوگی۔تیرہویں بین الاقوامی سائنسی و عملی کانفرنس جمہوریہ قازقستان میں منعقد کی جائے گی۔
اجلاس میں ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے انتظامی امور پر بھی غور ہوا۔کمیٹی کی سرگرمیوں اور باہمی تعاون کے فروغ میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کو اعزازات بھی دیے گئے۔
