ایرانی پاسدارانِ انقلاب فورس کے ترجمان جنرل حسین محبی نے امریکا کو نئی کارروائی کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی حملے دوبارہ شروع ہوئے تو ایران نئے ہتھیار استعمال کرے گا۔ ان کے مطابق اس بار دنیا حیران رہ جائے گی۔جنرل حسین محبی نے کہا کہ ایران نے نئے اہداف بھی مقرر کیے ہیں۔ ان میں وہ اہداف شامل ہوں گے جنہیں پہلے نشانہ نہیں بنایا گیا۔
جنرل حسین محبی کے مطابق امریکی حملوں کی صورت میں ایران اپنے جواب میں تبدیلی کرے گا۔انہوں نے کہا کہ نئے ہتھیار استعمال کیے جائیں گے۔ جنگ کے جغرافیے میں بھی تبدیلی لائی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران امریکی حملوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے امریکا سے کسی رابطے کی بھی تردید کی۔انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکا سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔ ان کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کسی سفارتی سرگرمی میں شامل نہیں۔جنرل حسین محبی نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب ایران کا دفاعی اور عسکری بازو ہے۔
جنرل حسین محبی نے خطے میں امریکی فوجی اڈوں کے حوالے سے بھی دعویٰ کیا۔ان کے مطابق ایرانی حملوں سے متاثر ہونے والے بیشتر امریکی فوجی اڈے ناکارہ ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ اڈوں سے امریکی فوجیوں اور فوجی ساز و سامان کو دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ میں امریکا اور اسرائیل کو شکست ہوئی ہے۔انہوں نے اس شکست کو تاریخی اور ذلت آمیز قرار دیا۔جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا کہ امریکا میں اس شکست کو تسلیم کرنے کی ہمت نہیں ہے۔
