سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے ایندھن کی بچت اور اضافی کفایت شعاری اقدامات نافذ کردیئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے نصف ملازمین گھر سے کام کریں گے جبکہ سینیٹ ملازمین کیلئے صرف جمعہ کو ورک فرام ہوم کی سہولت ہوگی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میں پیر سے جمعرات تک دفاتر میں حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق گھر سے کام کرنے والے ملازمین کو ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم نہیں ملے گا، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی، سرکاری تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
سینیٹ و قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں نئی گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، غیر ترقیاتی بجٹ میں 5 فیصد کمی،ماہانہ بنیاد پر اخراجات کم کیے جائیں گے۔
آئی ٹی کے علاوہ دیگر تمام اقسام کی پائیدار اشیاء کی خریداری پر مکمل پابندی،3 ماہ کے لیے تمام سرکاری بیرون ملک دوروں پر مکمل پابندی عائد ہوگی، غیر ملکی وفود کے دوروں کے علاوہ سرکاری عشائیوں کی میزبانی پر مکمل پابندی کردی گئی۔
