چینی صدر شی جن پنگ کے استقبال سے قبل امریکی فوجی اہلکاروں کی ریڈ کارپٹ درست کرنے کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔12 سیکنڈ کی ویڈیو میں امریکی فوجی اہلکار قالین کو ہاتھوں سے صاف اور درست کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ منظر شی جن پنگ کی آمد سے چند لمحے قبل جوائنٹ بیس اینڈریوز پر دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ریڈ کارپٹ تقریباً 30 میٹر یعنی 98 فٹ طویل تھا۔چینی حکام کو طیارے کے دروازے پر کھڑے ہوکر قالین کی آخری تیاری دیکھتے بھی دیکھا گیا۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد امریکی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف تبصرے سامنے آئے۔ بعض صارفین نے اسے شی جن پنگ کے لیے غیر معمولی سفارتی استقبال کا حصہ قرار دیا۔
چینی صدر شی جن پنگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر تین روزہ دورے کے لیے امریکا پہنچے۔ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے جوائنٹ بیس اینڈریوز پر شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ پینگ لی یوان کا استقبال کیا۔استقبالی تقریب میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ اس کے علاوہ امریکی اور چینی قومی ترانے بجائے گئے۔
تقریب کے دوران امریکی فوجی طیاروں نے فضائی مظاہرہ بھی کیا۔رپورٹس کے مطابق دو B-1 بمبار طیاروں کے ساتھ چھ F-16 اور چھ F-22 جنگی طیاروں نے فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔شی جن پنگ کا یہ دورہ امریکا اور چین کے درمیان تجارت، مصنوعی ذہانت اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کے تناظر میں ہورہا ہے۔
