قازقستان کے ساحلی علاقے میں بحری مشق کے دوران 14 فوجی جاں بحق ہوگئے۔ تین اہلکاروں کو بچا لیا گیا۔یہ حادثہ 24 ستمبر کو بحیرہ کیسپیئن کے ساحل پر پیش آیا۔ اہلکار قازقستان کے مغربی علاقے منگستاؤ میں فوجی مشق میں حصہ لے رہے تھے۔
قازقستان کی وزارت دفاع کے مطابق 17 اہلکار سمندر میں بہہ گئے تھے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اہلکار ایک فوجی کشتی سے اتر رہے تھے۔ اس دوران موسم اچانک خراب ہوگیا۔تیز ہواؤں کے باعث اہلکار کھلے سمندر کی طرف بہہ گئے۔ امدادی کارروائی کے دوران تین اہلکاروں کو بچا لیا گیا۔ وزارت دفاع نے بعد میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ آخری دو لاشیں 25 ستمبر کو ملیں۔ اس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی۔
قازقستان کی وزارت داخلہ نے پانچ اعلیٰ فوجی افسران کو حراست میں لیا ہے۔ان میں بحریہ کے چیف آف اسٹاف اور فرسٹ ڈپٹی کمانڈر ان چیف بھی شامل ہیں۔ دو فوجی یونٹس کے کمانڈرز، میرین یونٹ کے کمانڈر اور کشتی کے کمانڈر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق افسران پر فرائض میں غفلت اور بحری جہاز رانی کے قوانین کی خلاف ورزی کا شبہ ہے۔
