فلسطینی مشن نے شہباز شریف کے غزہ سے متعلق بیان کو سوشل میڈیا پر شیئر کردیا

اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن نے وزیراعظم شہباز شریف کے فلسطین سے متعلق بیان کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نمایاں کیا ہے۔فلسطینی مشن نے وزیراعظم کے خطاب کے ان حصوں کو اجاگر کیا جن میں انہوں نے غزہ میں فلسطینی خواتین، بچوں اور بزرگوں کی صورتحال کا ذکر کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں ہند رجب کا ذکر کیا۔ انہوں نے گزشتہ سال بھی فلسطینی بچی کی داستان عالمی فورم پر بیان کرنے کا حوالہ دیا۔شہباز شریف کے مطابق ہند رجب اسرائیلی فوجی کارروائی میں جان سے گئی تھیں۔ انہوں نے اس واقعے کو فلسطینی بچوں کو درپیش المیے کی مثال کے طور پر پیش کیا۔

وزیراعظم نے اس سال 8 سالہ فلسطینی بچی وفا عقیلہ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچی کا اسکول کا پہلا دن ہی اس کی زندگی کا آخری دن بن گیا۔شہباز شریف نے سوال اٹھایا کہ کیا غزہ میں پیدا ہونے والے بچے کو بھی زندگی، مستقبل اور خواب دیکھنے کا وہی حق حاصل نہیں جو دنیا کے دوسرے بچوں کو حاصل ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہند رجب، وفا عقیلہ اور دیگر فلسطینی بچوں کے سانحات عالمی برادری کی اجتماعی خاموشی اور عدم اقدام کی یاد دلاتے رہیں گے۔

شہباز شریف نے غزہ اور مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے فلسطینی ریاست کے قیام کو مسئلے کا منصفانہ اور دیرپا حل قرار دیا۔پاکستانی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق وزیراعظم کے خطاب کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں فلسطینی نمائندوں نے بھی وزیراعظم کی تقریر کو سراہا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے