ایران کے رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایران اس دور میں کبھی واپس نہیں جائے گا جس کی دشمن خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن گزر چکے ہیں جن کی واپسی کے دشمن خواہاں ہیں۔ یہ دن دوبارہ واپس نہیں آئیں گے۔رہبر انقلاب نے یہ بات ایران کی مسلط کردہ جنگ اور آٹھ سالہ دفاع کی یاد میں جاری اپنے پیغام میں کہی۔
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن ایران کو پسماندگی، ذلت اور وابستگی کے دور میں واپس لے جانا چاہتے ہیں۔ان کے مطابق دشمن نے انقلاب کے بعد بھی ایران پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کی۔تاہم ان کوششوں کے باوجود اسلامی نظام مزید طاقتور ہوا۔
انہوں نے اسلامی نظام کے سفر کو ققنس سے تشبیہ دی۔ ان کے مطابق مشکلات کے بعد یہ نظام پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔رہبر انقلاب نے کہا کہ دشمن کے پیدا کردہ مختلف بحرانوں کے دوران بھی یہ عمل جاری رہا۔ان کے مطابق حالیہ دو جنگوں کے بعد ایران کی طاقت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
رہبر انقلاب نے شہید سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے حزب اللہ کے سربراہ شیخ نعیم قاسم کی مزاحمت کو سراہا۔ان کے مطابق لبنان میں موجودہ حالات مزاحمتی محاذ کے لیے اہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ صیہونی دشمن اور دیگر طاقتوں کے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہیں، انہیں حالات سے سبق سیکھنا چاہیے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ انقلاب سے قبل ایران پر ایک ایسا نظام مسلط تھا جو جدید استعمار کی پیروی کرتا تھا۔ان کے مطابق انقلاب اور مسلط کردہ جنگ نے اس دور کو قومی افتخار کے زمانے میں تبدیل کردیا۔انہوں نے کہا کہ آٹھ سالہ دفاع سے جڑی یادیں آج بھی ایرانی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔رہبر انقلاب کے مطابق ان واقعات میں عبادت، شجاعت، مزاحمت، اخلاق اور انسانیت کے اسباق موجود ہیں۔
رہبر انقلاب نے کہا کہ بعض لوگ دنیاوی پیمانوں کے مطابق ایران کو دنیا کی چوتھی بڑی طاقت سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خدائی معیار کے مطابق صورتحال مختلف ہے۔ان کے مطابق جو قوم حق کے قیام کے لیے خوف کا شکار نہ ہو، وہ طاقت کے اعتبار سے بلند مقام رکھتی ہے۔انہوں نے ایرانی عوام کی اہل بیت سے وابستگی کو بھی اس طاقت کا اہم سبب قرار دیا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے آبنائے ہرمز کی صورتحال کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایران کے جنوب میں واقع سمندری علاقے دشمن افواج کی موجودگی کا مرکز تھے۔ان کے مطابق اب آبنائے ہرمز کے محافظین نے دشمن کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن افواج بحیرہ عرب سے آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں تو انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔رہبر انقلاب نے کہا کہ مستقبل میں بحیرہ عرب بھی دشمن افواج سے خالی کرایا جائے گا۔
