غزہ: جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جنوبی غزہ کے علاقے المواسی میں اسرائیلی ڈرون حملے میں فلسطینی صحافی محمد عبدالعزیز النجر شہید ہوگئے۔فلسطینی ذرائع کے مطابق حملہ خان یونس کے شمال میں المواسی کے علاقے القرارہ میں کیا گیا۔ حملے میں دیگر فلسطینی بھی زخمی ہوئے۔
محمد عبدالعزیز النجر کی عمر 38 سال تھی۔ وہ قرآن ریڈیو سے وابستہ تھے۔ وہ مذہبی پروگراموں کے پروڈیوسر اور میزبان بھی تھے۔
رپورٹس کے مطابق النجر حملے کے وقت قرآن حفظ کرنے سے متعلق ایک میڈیا رپورٹ تیار کر رہے تھے۔ وہ خان یونس کے علاقے خزاعہ میں عباد الرحمن مسجد کے امام بھی تھے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق ان کے بچوں نے والد کو الوداع کہا۔ ان کی شہادت پر فلسطینی وزارت اوقاف اور دیگر اداروں نے تعزیت کا اظہار کیا۔
غزہ کے حکومتی میڈیا دفتر کے مطابق محمد النجر کی ہلاکت کے بعد جنگ کے دوران شہید ہونے والے فلسطینی صحافیوں کی تعداد 263 ہوگئی ہے۔ یہ اعداد و شمار غزہ کے حکام کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
