واشنگٹن: ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک امریکی محکمہ دفاع کے ایک نئے منصوبے میں باضابطہ کردار ادا کریں گے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسک پینٹاگون کے پروجیکٹ میریڈیئن کی مشترکہ سربراہی کریں گے۔ منصوبے کا مقصد مستقبل کی جنگوں اور جدید عسکری ٹیکنالوجی کا جائزہ لینا ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے مطابق منصوبہ مستقبل کے میدان جنگ کا جائزہ لے گا۔اس میں جدید ہتھیاروں اور نئی ٹیکنالوجیز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ مقصد ایسی ٹیکنالوجی کی نشاندہی کرنا ہے جسے امریکی فوج مستقبل میں استعمال کر سکتی ہے۔پروجیکٹ میں جنگی ٹیکنالوجی کے بدلتے رجحانات پر بھی توجہ دی جائے گی۔
امریکی حکام کے مطابق منصوبے کی حتمی سفارشات 120 روز میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔منصوبے سے متعلق ایک رپورٹ عوام کے لیے بھی جاری کی جائے گی۔ اس رپورٹ میں مستقبل کی عسکری ضروریات اور ٹیکنالوجی سے متعلق سفارشات شامل ہوں گی۔
ایلون مسک کے ساتھ دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی اینڈوریل کے شریک بانی پالمر لکی بھی منصوبے کی قیادت کریں گے۔سابق امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر نیوٹ گنگرچ بھی منصوبے کی قیادت میں شامل ہوں گے۔پروجیکٹ میریڈیئن کے ذریعے امریکی دفاعی ضروریات اور جدید عسکری ٹیکنالوجی کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا جائے گا۔
