ایرانی قوم کی ہمت اور ثابت قدمی نے دنیا کو حیران کردیا، پیوٹن

روسی صدر پوتن کی اسلام آباد دہشت گرد حملے کی شدید مذمت، پاکستان سے یکجہتی اور تعاون کے عزم کا اعادہ

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ایرانی قوم کی ہمت، بہادری اور ثابت قدمی نے دنیا کو حیران کردیا ہے۔پیوٹن نے یہ بیان ماسکو میں والڈائی ڈسکشن کلب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایران میں ہونے والے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ ان کے مطابق ایرانی قوم کی استقامت نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کی ہے۔

روسی صدر نے کہا کہ ایران کی سیاسی قیادت، مسلح افواج اور پاسداران انقلاب میں تجربہ کار افراد کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ان میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو اپنے ملک اور قوم کے لیے قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

پیوٹن نے ایران کے حوالے سے روس کے سفارتی مؤقف کو بھی دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو آبنائے ہرمز کے دوبارہ کھلنے اور ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے کی امید رکھتا ہے۔

روسی صدر نے ایران کے افزودہ یورینیم کو روس منتقل کرنے کی پیشکش بھی برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ پیوٹن کے مطابق یہ تجویز اب بھی زیرِ غور ہے۔انہوں نے بتایا کہ روس نے ابتدا میں ایران کے افزودہ یورینیم کو روس منتقل کرنے کی تجویز دی تھی۔ ان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ایران، امریکا اور اسرائیل نے اس تجویز پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ بعد میں امریکا نے مؤقف تبدیل کرتے ہوئے یورینیم کو امریکا منتقل کرنے پر زور دیا۔ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے پس منظر میں جوہری پروگرام، پابندیوں اور آبنائے ہرمز سے متعلق معاملات اہم سفارتی موضوعات بنے ہوئے ہیں۔

 

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے