پاکستانی وقت کے مطابق خلائی مشن کی پرواز کا مرحلہ صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے خلائی مرکز سے شروع ہوا، ہزاروں کی تعداد میں چینی شہریوں نے خلائی مشن کی روانگی کو براہ راست دیکھا، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال اور چین میں پاکستان کے سفیر بھی اس یادگار لمحے کو دیکھنے کے لیے موجود رہے۔
چینی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق شینزو 24 کامیابی سے چینی خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگیا، خلائی مشن کے عملے میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان بھی شامل ہے، پاکستانی شہری چینی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیرملکی خلاباز بن گئے۔
ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز ہیں، وہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔
پاکستانی خلاباز ذیشان علی کے ہمراہ دو چینی خلا نورد بھی خلائی شٹل میں سوار ہیں، خلا نورد ایک ہفتے تک خلا میں موجود رہیں گے اور مختلف سائنسی تجربات انجام دیں گے۔
اس حوالے سے چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شنزو 24 مشن کے دوران 90 سائنسی تجربات اورٹیکنالوجی ٹیسٹ انجام دیے جائیں گے۔
خلائی مشن پر روانگی سے قبل ذیشان علی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا پاک چین دوستی کہکشاؤں تک پہنچ چکی ہے، ذیشان علی نے مشن کو پاکستان کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشن بھی ہوں گے۔

