پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کی حکومت دنیا کی بڑی یونیورسٹیز کے کیمپس لاہور لانے کےلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے،،
لاہور میں ’ہونہار اسکالرشپس پروگرام‘ کے تحت طلبا میں چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے کہا دنیا کی معروف جامعات کے کیمپس لاہور میں کھلوانے کی کوشش کریں گے تاکہ ایسے بچے جو پاکستان سے باہر نہیں جاسکتے، انہیں ملک میں ہی بیرون ملک کی بہترین جامعات سے پڑھنے کا موقع مل سکے، یہ سب کچھ بہت مہنگا ہے لیکن آپ (نوجوانوں) سے مہنگا کچھ نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ میں نواز شریف کی بیٹی ہوں اور ہر وعدہ پورا کرتی ہوں۔
آج ہم صرف طلبا کو یہ اسکالرشپس ایوارڈ نہیں دے رہے، بلکہ یہ آپ (طلبا) کی صلاحیتوں اور میرٹ کا اعتراف ہے، پولیس کے دستے کا آپ کو گارڈ آف آنر دینا، آپ کی محنت، صلاحیتوں اور کامیابیوں کو بطور قوم سیلیبریٹ کرنے جیسا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب کے کسی بھی طالب علم کو دنیا کی کسی بھی یونیورسٹی میں داخلہ مل جاتا ہے تو اس کا خرچہ پنجاب حکومت اٹھائے گی، یہ سب کچھ آپ پر احسان نہیں، یہ آپ کا پیسہ ہے، قوم کا پیسہ ہے، یہ سب آپ کی امانت ہے، لیکن کئی دفعہ یہ سوال ہوتا ہے کہ کون سا احسان کر رہے ہیں کہ پیسہ تو عوام کا ہی ہے، میں ایک سوال کرنا چاہتی ہوں یہ کہ یہی پیسہ پچھلے حکمرانوں اور حکومتوں کے پاس بھی تو تھا، پھر آپ تک کیوں نہیں پہنچا؟۔