انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کل دبئی میں اہم اجلاس طلب کر لیا جس میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جائیں گے،،
جمعرات کو ہی دبئی میں چیمپئنز ٹرافی کے براڈکاسٹرز اور پروڈکشن ورکشاپ کا اجلاس بھی ہو رہا ہے،،
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ابھی تک چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی گتھی سلجھانے میں ناکام ہے اور ڈیڈلاک ہنوز برقرار ہے،، پاکستان نے آئی سی سی میں اپنا مؤقف کھل کر بتا دیا ہے۔۔
پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے تنازع کے دیرپا حل کیلئے پارٹنرشپ فارمولا پیش کرچکا ہے جس کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ممالک ایک دوسرے کے ملک میں کوئی ایونٹ نہیں کھیلیں گے ۔
یہ فارمولا چیمپئنز ٹرافی سے لاگو ہوگا اور 3 برس تک رہے گا جس کے تحت بھارت دبئی میں میچز کھیلے گا اور پاکستان بھی اگلے 3 سال تک اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارتی کرکٹ بورڈ یا آئی سی سی سےاس فارمولے پر تاحال کوئی جواب نہیں ملا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری اور بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین شپ کا چارج سنبھالا تھا۔