راولپنڈی: جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت 60 رہنماؤں پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے جب کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، جس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان پر فرد جرم عائد کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے شیخ رشید، عمر ایوب، شیخ راشد شفیق سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کی۔
عدالتی فیصلے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ سابق وزیر قانون راجا بشاورت کو بھی جیل سے نکلتے ہی گرفتار کرلیا گیا۔
عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 10 دسمبر تک ملتوی کردی۔
قبل ازیں کیس کی سماعت میں پیش ہونے کے لیے عمر ایوب، زرتاج گل، راشد شفیق، صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی، جاوید کوثر، ساجد قریشی، مسرت جمشید چیمہ، محمد احمد چھٹہ، عثمان ڈار اڈیالہ جیل پہنچے۔
عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے تمام ملزمان کو آج طلب کررکھا تھا، اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 120 ملزمان پر فرد جرم عائد ہونی تھی۔