پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی بھرپور تیاری اور چوکسی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ کشیدہ صورتحال کے دوران بھارت کے چار رافیل طیارے مقبوضہ کشمیر کی فضائی حدود میں پٹرولنگ پر مامور تھے، لیکن پاکستانی ردعمل کی برق رفتاری نے دشمن طیاروں کو بوکھلاہٹ میں واپسی پر مجبور کر دیا۔
ذرائع کے مطابق 29 اور 30 اپریل کی درمیانی شب ایک نازک لمحہ اس وقت پیدا ہوا جب بھارتی فضائیہ کے 4 رافیل طیاروں نے سرحدی حدود کے قریب خطرناک انداز میں گشت کیا۔ اگرچہ وہ اپنی حدود سے باہر نہ نکلے، لیکن یہ عمل جارحانہ عزائم کا اظہار تھا۔
جیسے ہی بھارتی طیارے فضا میں متحرک ہوئے، پاکستان ایئر فورس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے فضائی نگرانی کو فعال کیا اور ممکنہ خطرے کو ابتدائی مرحلے میں ہی ناکام بنا دیا
پاکستانی طیاروں کی تیز رفتار اور مؤثر پروازوں سے بھارتی پائلٹس ہکا بکا رہ گئے اور پلک جھپکتے ہی اپنی فضائی حدود میں واپس چلے گئے۔
سیکیورٹی حکام نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف دشمن کی ہر حرکت پر کڑی نظر رکھی بلکہ فضائی برتری اور دفاعی تیاری کا شاندار مظاہرہ بھی کیا۔
ذرائع نے زور دیتے ہوئے کہا”پاکستانی افواج ہر لمحہ تیار اور چوکس ہیں، اور کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گی۔”
دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کی یہ "پرووکنگ پروازیں” غیر ذمہ دارانہ اقدام ہیں جو خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ضرور ہے، مگر دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔