دمشق : شام میں بشارالاسد کی حکومت کو ایک اور دھچکا لگا ہے، ہیئت تحریر الشام کے باغیوں نے ایک اور شہر حماہ پر قبضہ کر لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق حماہ پر قبضہ باغیوں کو ایک اسٹریٹجک مرکزی شہر کا کنٹرول فراہم کرتا ہے، جس پر وہ پہلے کبھی قبضہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔
شامی فوج نے کہا کہ شدید جھڑپوں کے بعد شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ اور شہروں میں لڑائی روکنے کے لیے شہر کے باہر فوج تعینات کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹی وی اسکرین پر باغیوں کو ٹی وی پر حماہ میں داخل ہوتے ہوئے جشن میں گولیاں چلاتے ہوئے پریڈ کرتے دیکھا گیا، دیگر فوٹیج میں باغیوں کی رہائی کے بعد قیدیوں کو جیل سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا۔
باغیوں کا کہنا تھا کہ جنوب میں حمص کی طرف مارچ کرنے کے لیے تیار ہیں، یہ ایک اہم شہر ہے، جو دارالحکومت دمشق کو شمال سے ملاتا ہے۔
باغی آپریشن روم نے آن لائن پوسٹ میں کہا کہ آپ کا وقت آچکا ہے، حمص کے رہائشیوں کو انقلاب کے لیے کھڑا ہونا ہو گا۔
الجزیرہ ٹیلی ویژن نے حماہ کے اندر باغیوں کی تصاویر نشر کیں، جن میں سے کچھ ایک چوراہے کے قریب شہریوں کا استقبال کر رہے ہیں۔