اسرائیل نے جنوبی شام میں اپنی موجودگی برقرار رکھنے کے ارادے کا واضح اظہار کرتے ہوئے حیات تحریر الشام (HTS) کے رہنما احمد الشعرا المعروف ابو محمد الجولانی کو پیغام دیا ہے کہ شام میں جاری سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر انخلاء کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔
یہ پیغام الجولانی کی جانب سے ایک ہفتہ قبل اسرائیل کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے لیے کیے گئے رابطے کے جواب میں دیا گیا۔ الجولانی نے اپنے پیغام میں اسرائیل کو یقین دلانے کی کوشش کی تھی کہ ان کا گروپ تل ابیب کے ساتھ کسی براہ راست محاذ آرائی کا ارادہ نہیں رکھتا۔
اسرائیلی حکومت نے اپنے مؤقف کو مزید واضح کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل جنوبی شام میں حیات تحریر الشام کی کسی بھی قسم کی توسیعی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گا۔اسرائیل کے لیے خطے میں موجودگی کا مقصد اپنی سرحدوں کی حفاظت اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھنا ہے۔اگرچہ اسرائیل مخصوص حالات میں بفر زون کے قیام پر غور کر سکتا ہے، لیکن اس کے سیکیورٹی مفادات ہمیشہ اولین رہیں گے۔