آذربائیجان کا ایک مسافر طیارہ قازقستان میں حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ 29 مسافر خوش قسمتی سے زندہ بچ گئے۔ حادثے نے نہ صرف متاثرین کے خاندانوں بلکہ بین الاقوامی فضائی صنعت کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر طیارے میں 62 مسافر اور عملے کے 5 افراد موجود تھے۔دونوں پائلٹ سمیت 38 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 29 افرادزندہ بچ گئے، جنہیں مقامی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔یہ طیارہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے روس کے شہر گروزنی جا رہا تھا۔موسم کی خراب صورتحال اور شدید دھند کے باعث طیارے کا راستہ تبدیل کیا گیا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق، حادثے کی ممکنہ وجہ پرندوں کا ٹکراؤ بتایا جا رہا ہے، جس کے بعد پائلٹوں نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی۔حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے جانی نقصان کو بڑھا دیا۔
خصوصی ٹیمیں حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بلیک باکس کی تلاش میں ہیں۔ مقامی حکام اور بین الاقوامی ماہرین تحقیقات میں حصہ لے رہے ہیں۔
حادثے کی خبر پر آذربائیجان اور روس سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں نے متاثرین کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ فضائی حادثات کی روک تھام کے لیے ہوابازی کی صنعت میں حفاظتی معیارات پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔