پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ملک کے ایٹمی پروگرام پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔۔۔ بیرونی طاقتیں عمران خان کا بہانہ بنا کر پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام کو نشانہ بنانا چاہتی ہیں جو کسی صورت ممکن نہیں۔۔۔۔
گڑھی خدابخش میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 17ویں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی کٹھ پتلیاں ملک کے ایٹمی اثانوں پر سودا کرنے کو بھی تیار رہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے 30 سال تک سیاسی جدوجہد کی، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ملک کی عوام کی حقیقی نمائندہ تھی، انہوں نے پاکستان اور عوام کے خاطر جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بی بی کو شہید کرنے والے لوگوں کی غلط فہمی تھی کہ ان کی غیر موجودگی میں پورے پاکستان کی تمام حقیقی آوازیں ہمیشہ کے لیے دب جائیں گی اور ملک میں صرف سیاسی کٹھ پتلیاں ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ تمام ملکی مفاد کو پرے رکھ کر ہر قسم کی سودے بازی کے لیے تیار ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کو صرف اسلام آباد میں کرسی پر بیٹھنے کا شوق ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دوراہے پر کھڑا ہے، ملک کو ہر قسم کے مسائل کا سامنا ہے، مستقبل میں اندرونی اور بیرونی امتحان آنے والے ہیں، ان تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا ہونا پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی ایک سیاسی جماعت کے پاس نہ وہ مینڈیٹ اور طاقت ہے کہ وہ ایک وقت میں ملک کے تمام مسائل کا مقابلہ کرسکیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملکی سیاسی صورتحال میں وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو سیلکٹڈ ہے اور نہ فارم 47 والی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم صرف ملک کی عوام اور پیپلز پارٹی کے جیالوں کو جوابدہ ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے نام لیے بغیر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب حکومت سازی کا وقت تھا تو ہمارا کسی کرسی یا وزارت کا شوق نہیں تھا، اس وقت فیصلہ کیا تھا کہ سیاسی استحکام، مہنگائی میں کمی کا وعدہ کرنے والی سیاسی جماعت کا ساتھ دیا جائے گا۔