جرمنی: حکومتی اتحاد ٹوٹنے کے بعد پارلیمنٹ تحلیل، قبل از وقت انتخابات کا اعلان

0

جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین میئر نے چانسلر اولاف شولز کی اتحادی حکومت کے ٹوٹنے کے بعد پارلیمنٹ تحلیل کرتے ہوئے 23 فروری 2025 کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا۔

برلن میں اعلان کرتے ہوئے صدر اسٹین میئر نے کہا کہ ملک کو سیاسی استحکام کے لیے ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم شفاف اور غیرجانبدار ہونی چاہیے، اور انتخابات کے بعد سیاست کا محور عوامی مسائل کا حل ہونا چاہیے۔صدر نے بیرونی دباؤ اور سوشل میڈیا جیسے پلیٹ فارمز کو جمہوریت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ "جمہوریت پر بیرونی دباؤ، چاہے براہ راست ہو یا سوشل میڈیا جیسا ہو، خطرناک ہے۔”
انہوں نے حالیہ رومانیہ کے انتخابات میں سامنے آنے والے اثرات کا حوالہ دیتے ہوئے شفافیت کی اہمیت پر زور دیا۔

یاد رہے کہ چانسلر اولاف شولز کی اتحادی حکومت اس وقت بحران کا شکار ہوئی جب وزیر خزانہ کرسٹیان لینڈنر کی جماعت فری ڈیموکریٹس (ایف ڈی پی) نے اتحاد سے علیحدگی اختیار کر لی۔اولاف شولز اب عبوری حکومت کی قیادت کریں گے، جو انتخابات کے انعقاد تک ملک کی باگ ڈور سنبھالے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.