مشرقی افریقہ کے ملک موزمبیق کے دارالحکومت ماپوٹو میں واقع ایک جیل سے کم از کم 6 ہزار مسلح قیدی فرار ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب 9 اکتوبر کے انتخابی نتائج کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔مقامی میڈیا سے جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق قیدیوں نے محافظوں کو غیر مسلح کرتے ہوئے جیل سے فرار ہونے کے لیے اسلحہ حاصل کیا۔کرسمس تقریبات اور انتخابی مظاہروں کی افراتفری کا فائدہ اٹھایا گیا۔اور پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 33 قیدی ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔9 اکتوبر کے انتخابات میں حکمران جماعت فریلیمو پارٹی کی کامیابی کی آئینی کونسل سے توثیق کے بعد ملک میں شدید مظاہرے پھوٹ پڑے تھے۔مظاہرین نے پولیس اسٹیشنز، گاڑیاں، اور دیگر انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔
پولیس چیف برنارڈینو رافیل نے انکشاف کیا کہ فرار ہونے والوں میں 29 دہشت گرد قیدی بھی شامل ہیں، جن کی موجودگی صورتحال کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔جبکہ فرار ہونے والے قیدیوں کو پکڑنے کے لیے ملک گیر آپریشن شروع کیا گیا ہے، جبکہ دہشت گرد قیدیوں کی شمولیت سے ملکی سلامتی پر خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔