فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے غیر قانونی سرحد عبور کرنے والے تقریباً 20 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے ہیں، جو یورپ میں داخلے کے لیے ایران کے راستے غیر مجاز طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔
ایک رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے تفتان سرحد سے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے پر 20 ہزار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا۔وزارت داخلہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کے پاسپورٹ بلاک کر دیے تاکہ مستقبل میں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یہ اقدامات پاکستان کی سرحدی سالمیت کو برقرار رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق "یہ کارروائی سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے خاتمے کی طرف ایک اہم قدم ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانا اور ملکی وقار کو بحال رکھنا ہے۔”

