خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔۔۔ ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔۔
اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔۔
سیکرٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے ’ اڑان پاکستان کے حوالے سے بریف کیا۔
اعلامیہ کے مطابق فورم کو ایس آئی ایف سی کے اسٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے آگاہ کیا گیا۔ فورم نے ملک کی بہتر ہوتے میکرو اکنامک حالات کو بہتر بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔۔
فورم نے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالے سے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی گئی۔۔۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات، جن سے امن و امان اور سیکیورٹی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔
وزیر اعظم نے 2025 کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔