ایران نے اٹلی میں زیر حراست ایرانی شہری محمد عابدینی کی گرفتاری کے خلاف اطالوی سفیر کو طلب کیا۔ امریکی وارنٹ پر میلان کے مالپینسا ایئرپورٹ پر گرفتار عابدینی پر الزام ہے کہ وہ 2023 کے اردن میں ہونے والے ڈرون حملے میں ملوث تھا، جس میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ ایران نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے "سیاسی دباؤ کا حربہ” قرار دیا۔
ایران نے اطالوی حکومت سے "امریکہ کی یرغمالی پالیسی” کو مسترد کرنے اور عابدینی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ایران نے خبردار کیا کہ اگر معاملہ حل نہ ہوا تو یہ اٹلی اور ایران کے تعلقات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ایران میں اطالوی صحافی سیسیلیا سالا کی حالیہ گرفتاری کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔ اٹلی نے سالا کی رہائی اور انسانی حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔محمد عابدینی، جو ایک تاجر کے طور پر جانا جاتا ہے، کو امریکی حوالگی کی درخواست پر اٹلی میں زیر حراست رکھا گیا ہے۔ اطالوی عدالتیں جلد ہی اس پر فیصلہ کریں گی کہ آیا وہ مقدمے کی کارروائی کے دوران زیرِ حراست رہیں گے۔