اسلام آباد: نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے رجسٹرار ڈاکٹر عدنان نے کہا ہے کہ نیوٹیک نے سی پیک منصوبہ کے تحت چین کے تعاون سے ای کامرس لیب تیار کی ہے جس میں ای کامرس کے میدان میں طلباء کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ جمعرات کو یہاں صحافیوں کو دی گئی بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ نیوٹیک یونیورسٹی کے قیام کا مقصد نوجوانوں کو ہنرمند بنا کر بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے ایسا ماحول فراہم کیا جائے کہ وہ دلجمعی سے مختلف ہنر کی تربیت حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ای کامرس لیب اسی سلسلہ کا ایک حصہ ہے جس میں نوجوانوں کیلئے تین ماہ کا تربیت پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یونیورسٹی کے کورسز کی فیسیں دیگر اداروں کی نسبت کم ہیں جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تربیت کی سہولت فراہم کرنا ہے تاہم اس کے باوجود ضرورت مند خاندانوں کے بچوں کیلئے فیسوں میں خصوصی رعایت بھی رکھی گئی ہے، اگر کوئی بچہ فیس دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا تو اسے فیس میں نصف رعایت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیوٹیک نوجوانوں کو روزگار کی عالمی منڈیوں میں بہتر رسائی اور معاوضہ کے اہل بنانے کیلئے سرٹیفکیشن اور تربیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔فن لینڈ کی بزنس کونسل نے یورپین یونین کے پراجیکٹ کیلئے ہمیں منتخب کیا ہے ، اس پروگرام میں بچوں کو تین ماہ کی ٹریننگ فن لینڈ میں دی جائے گی، کورس کا معیار یورپ کی انڈسٹری کی ڈیمانڈ کے مطابق ہے۔

