راولپنڈی : سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے درمیان ملاقات خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی معاملات کے تناظر میں ہوئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے سیاسی معاملات پر گفتگو کی کوشش کی جس پر انہیں سیاست دانوں سے بات کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹرگوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے بات چیت خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی امور پر ہوئی، بات چیت کو سیاسی رنگ دینا افسوس ناک ہے۔
ذرائع نے مزید کہا کہ بات چیت کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، کوشش کی گئی کے سیکیورٹی امور پر بات چیت کو سیاسی رنگ دیا جائے۔