میرعلی : میر علی میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر حمزہ اسرار شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، فوجیوں اور شہید ہونے والے ہیرو کے سوگوار لواحقین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
پاکستان کے بہادر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسی اعلیٰ قربانیاں قومی عزم کو تقویت دیتی ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے پرامن اور محفوظ پاکستان کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی یقین کو تقویت دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔
نماز جنازہ کے بعد شہید میجر حمزہ اسرار کی جسد خاکی کو ان کے آبائی گاؤں پہنچا گیا، جہاں انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔