پاک آرمی کی جانب سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملیر گیریژن میں انٹر ڈویژن فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ انڈر 16 فٹبال ٹورنامنٹ میں کراچی سے 2 ٹیموں جبکہ اندرون سندھ سے 2 ٹیموں نے شرکت کی۔
ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں نے بہترین کارکردگی دکھائی اور سپورٹس میںنشپ کا بہترین مظاہرہ پیش کیا۔ تاہم، فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں کراچی وائیٹ کا مقابلہ کراچی بلیو کی ٹیم سے ہوا۔
کراچی وائیٹ کی ٹیم نے کراچی بلیو کو شاندار مقابلے کے بعد شکست دی اور چیمپئنز قرار پائے۔آرمی ٹیلنٹ ہنٹ انٹر ڈویژن فٹبال ٹورنامنٹ میں جی او سی ملیر گیریژن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور حصہ لینے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
جی او سی نے کھلاڑیوں کے بلند حوصلہ کو سراہا اور کہا کہ کھیلوں کے مقابلے جوانوں کی مثبت سوچ کو اجاگر کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پاک آرمی کا یہ اقدام سندھ میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ایک سنگِ میل ثابت ہو گا اور مستقبل میں انٹرنیشنل لیول کے کھلاڑی سامنے آکر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔