اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے کی اپیل زمین بوس ہوگئی ہے۔ جنوری 2025ء، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر بھیجنے میں اضافہ ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے پہلے ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب ڈالر ملک بھیجے۔جنوری 2025 میں ورکرز ترسیلات 3 ارب ڈالر رہیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2024 کے مقابلے میں جنوری 2025 میں 25 فیصد زیادہ رقوم بھیجی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے ک رواں مالی سال کے سات مہینوں کی ورکرز ترسیلات 20.8 ارب ڈالر رہیں۔رواں مالی سال کے سات مہینوں کی ورکرز ترسیلات مالی سال 2024 کے سات مہینوں سے 31.7 فیصد زائد رہیں۔ مالی سال 2024ء کے ابتدائی سات مہینوں میں 15.8 ارب ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئی تھیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق جنوری 2025 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 72.83 کروڑ ڈالر بھیجے ہیں۔متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے جنوری 2025 میں 62.17 کروڑ ڈالر بھیجے۔برطانیہ سے 44.36 کروڑ اور امریکا سے 29.85 کروڑ ڈالر پاکستان بھیجےگئے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات بھیجنے میں اضافہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ سیاسی تجزیہ کار کے مطابق ترسیلات زر میں اضافہ ثابت کرتا ہے کہ پی ٹی آئی کا ملک دشمن بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا۔