واشنگٹن : امریکا کی متعد ریاستیں سردی کی شدید لہر کی زد میں ہیں۔ اس دوران سیلاب، تیز ہوا کے بگولوں، برف باری اور مٹی کے تودے گرنے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بارش سے آنے والے سیلاب کے دوران دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ریاست کینٹکی میں کئی علاقوں میں شدید بارشوں کے سبب سیلاب کا سامنا ہے۔ حکام نے سیلاب کے سبب دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
شمالی میدانی علاقوں میں سرد موسم میں پارہ نقطۂ انجماد سے کئی ڈگری نیچے گر گیا ہے۔ حکام نے اس جان لیوا سرد موسم میں ریاست جارجیا اور فلوریڈا میں تیز ہوا کے بگولے آنے کا انتباہ بھی جاری کر دیا ہے۔
ریاست فلوریڈا کی کلے کاؤنٹی میں ایک 73 سالہ شخص کی لاش سیلابی پانی سے نکالی گئی ہے۔
کلے کاؤنٹی کے محکمۂ ایمرجینسی مینجمنٹ کے حکام نے اس شخص کی موت کی تصدیق کی ہے۔ البتہ یہ نہیں بتایا کہ اس کی موت کن حالات میں ہوئی ہے۔
امریکا میں موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے ’نیشنل ویدر سروس‘ نے بتایا ہے کہ فلوریڈا اور جارجیا کو شدید طوفان کا سامنا ہے جہاں اتوار کو کئی مقامات پر ہوا کے بگولے دیکھے گئے ہیں۔
شمالی میدانی علاقوں میں بھی شدید سردی کی لہر ہے جہاں امریکہ کے پڑوسی ملک کینیڈا کی سرحد کے ساتھ واقع علاقوں میں درجۂ حرارت منفی 30 ڈگری تک گرنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔