پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ کسی کو کچھ پتا نہیں ہے، پلیئرز کا کام ہی پریشر لینا ہے، اگر پریشر ہٹا دیں تو پاک-بھارت میچ میں کیا رہ جاتا ہے؟ پریشر ہی تو چاہیے ہوتا ہے کسی پلیئر کو اپنی پرفارمنس دکھانے کے لیے۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا پلیئنگ الیون کا اعلان ٹاس سے قبل کریں گے۔۔ پاکستان ٹیم متوازن ہے، ہماری ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں نظر نہیں آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پریشر ہوتا کیا ہے؟ اچھا کرو اور اگر اچھا نہ ہوا تو کیا ہوگا، تو یہ ساری چیزیں میچ سے پہلے اور میچ کے بعد کی ہیں، ابھی تو سب قیاس آرائیاں ہی کر رہے ہیں کہ اس میچ میں کیا ہوگا، یہی خوبصورتی ہے کہ کیا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ فخر زمان میچ ونر ہے، لیکن آپ کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کرسکتے، ہماری ٹیم اب بھی مضبوط ہے، ہم میچ جیتنے کی کوشش کریں گے، ہم اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ بات ہو رہی ہے کہ ٹیمیں تین، تین، چار، چار اسپنرز لے کر آئے ہیں لیکن آپ ان کی پلیئنگ الیون دیکھیں، ان کی ٹیموں میں ایک اسپشلسٹ اسپنر ہے اور دو، دو آل راؤنڈرز ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں کہ ایک اسپشلسٹ اسپنر ہے جبکہ ایک بائیں ہاتھ کے باؤلر خوشدل شاہ اور ایک آف اسپنر آغا سلمان شامل ہیں، ہمیں بیلنس رکھنا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ 5 اسپنرز کھلا دیں اور ایسی پچز کہیں نظر بھی نہیں آئیں گی، جہاں بہت زیادہ بال ٹرن ہو رہی ہو، اور فاسٹ باؤلر کے لیے کچھ نہیں ہے۔