دبئی : میگا ایونٹ چیپمئنز ٹرافی میں ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار سینچری کی بدولت پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم کھیل کے ہر شعبے میں پاکستانی ٹیم پر حاوی رہی جب کہ شاہینوں نے ناقص بیٹنگ کے بعد باؤلنگ اور فیلڈنگ میں بھی قوم کو مایوس کیا۔
پاکستانی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز بھی پورے نہیں کھیل سکی، پوری قومی ٹیم 2 گیندیں قبل ہی 241 رنز پر ڈھیر ہوگئی جب کہ بھارت نے مطلوبہ ہدف 42.3 اوورز میں 4 وکٹوں پر حاصل کیا۔
بھارت کی جانب سے شریاس ایئر نے نصف سینچری اسکور کی تاہم تمام تر توجہ کا مرکز ویرات کوہلی رہے جنہوں نے نہ صرف اس میچ میں ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے 14 ہزار رنز مکمل کیے بلکہ میچ کی آخری گیند پر چوکا لگاکر اپنی 51ویں سینچری بھی مکمل کی۔